دھان ڈیلروں کی جانب سے کم ریٹ پر کاشتکارسراپا احتجاج

دھان ڈیلروں کی جانب سے کم ریٹ پر کاشتکارسراپا احتجاج

کھا د اور زرعی ادویات ادھار لیتے ، فصل کی مناسب قیمت نہیں دی جا تی :مظاہرین

سمبڑیال(سٹی رپورٹر)جعلی زرعی ادویات اور مہنگی ناقص کھاد سے فصلیں متاثر ، ادھار لی گئی زرعی ادویات کی رقم کے عوض فصل کم ریٹ پر لئے جانے پر علاقہ بیلا و گردونواح کے کاشتکار ڈیلر وں کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے ۔سمبڑیال و گردونواح بالخصوص رندھیر موڑ، اڈابیگووالہ پر کھاد ، زرعی ادویات کے ڈیلروں کی من مانیوں کیخلاف سراپا احتجاج کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ جب ڈیلر ہمیں ادھار کھاداور زرعی ادویات دیتے ہیں تو قیمت کم ہوتی ہے اور جب کاشتکار اپنی دھان (مونجی)کی فصل تیار ہونے پر ان کے پاس ادھار لی گئی کھاد، زرعی ادویات کی قیمت کے عوض جاتے ہیں تو فصل کا ریٹ انتہائی کم لگاتے ہیں جبکہ ادھار لی گئی زرعی ادویات اور کھاد کا ریٹ بڑھا کر لگا لیتے ہیں ، حساب کتاب کے دوران بجائے ہمیں کوئی روپیہ دینے کے بجائے الٹا ہمارے کھاتے میں مزید رقم نکا ل کر اگلے سیزن کے کھاتے میں ڈال لیتے ہیں ۔کاشتکاروں حاجی اسحاق گھمن، نذیر گھمن ، ساجد اقبال ،صفدر خان، حسن جٹ، محمد نواز ، شبیر احمد، اکبر گوندل، احسان اﷲ گھمن ، شفقت حسین و دیگر نے ڈیلر حضرات کی لوٹ مار اور محکمہ زراعت کے حکام کی موجودہ صوتحال پر آنکھیں بند کر کے خاموشی اختیار کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ، کمشنر گوجرانوالہ ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اورمحکمہ زراعت کے اعلیٰ حکام سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں