کارپوریشن کے جعلی انسپکٹر سرگرم , 7 پر مقدمات

کارپوریشن کے جعلی انسپکٹر سرگرم , 7 پر مقدمات

موجودہ اور پرانے بلڈنگ انسپکٹرز کے پرائیویٹ افراد ،جعلی انسپکٹرکنور ژن اور کمرشلائزیشن فیس ،نقشہ جات کی منظوری کی مد میں شہریوں سے رقم بٹور نے لگے

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں شامل کمرشل عمارتوں ،پلازوں اور مارکیٹوں کی چیکنگ کیلئے پرائیویٹ اور جعلی انسپکٹرز کے گروہ متحرک ہوگئے ،سینکڑوں عمارتوں کی کنورژن فیس اور کمرشلائزیشن فیس خورد برد کرگئے ،چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے 7 جعلی انسپکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جبکہ بلڈنگ انسپکٹرز کے پرائیویٹ کارندے بھی رفوچکر ہوگئے ۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدود میں 73یونین کونسلیں شامل ہیں جہاں روزانہ سینکڑوں کمرشل عمارتیں ،مارکیٹیں اور گودام وغیرہ کی تعمیر کی جاتی ہے ۔کارپوریشن انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں صرف تین بلڈنگ انسپکٹرز کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں باقی ملازمین کو فارغ کردیا اور پرائیویٹ کارندوں کو بھی روک دیا لیکن بعض علاقوں میں موجودہ اور پرانے بلڈنگ انسپکٹرز کے پرائیویٹ افراد اور جعلی انسپکٹرز متحرک ہیں جو کنور ژن فیس اور کمرشلائزیشن فیس ،نقشہ جات کی منظوری کی مد میں شہریوں سے رقوم بٹور رہے ہیں۔ چیف آفیسر کارپوریشن خواجہ عمران صفدر نے تھانہ سبزی منڈی میں 7 جعلی بلڈنگ انسپکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جن میں نواز بٹ ،عاطف عرف عاطی ،لقمان بھٹی ،رضوان بھٹی ،سلمان بٹ وغیرہ شامل ہیں ۔کارپوریشن حکا م کا کہنا تھا کہ دیگر افراد کی بھی نشاندہی کرائی جارہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں