سیالکوٹ میں عالمی معیار کا جنرل ہسپتال بنانے کا منصوبہ
6 ارب 25 کروڑ روپے خرچ ہونگے ، 3 سال میں مکمل ہوگا :زین الحسن
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )چیئرمین بورڈ آف گورنر زخواجہ صفدر میڈیکل کالج زین الحسن شبیر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں عالمی معیار کا جنرل ہسپتال قائم کیا جائے گا ،1200بیڈز پر مشتمل ہسپتال کی تعمیرپر 6 ارب 25 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ،مدر کیئر ہسپتال کی جگہ سیالکوٹ جنرل ہسپتال قائم ہوگا جس پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا ، یہ منصوبہ تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا ، اس میں مدر کیئر کے علاوہ برن یونٹ ، انجیوگرافی ، انجیوپلاسٹی ، سرجری سمیت جدید نوعیت کی تمام سہولیات میسر کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز ملک اسد نصیر ، قائم مقام ڈین ڈاکٹر طارق ، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ساجداورڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر اویس صالح بھی موجود تھے ۔ زین الحسن شبیر نے مزید کہا کہ سابق مینجمنٹ کیخلاف تحقیقات جاری ہیں،سابق پرنسپل کے خلاف کرپشن پر انکوائریاں چل رہی ہیں ،انکوائری میں ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کیا جا رہا ہے ،سابق پرنسپل کی جانب سے غیر قانونی طور پر تنخواہیں وصول کرنے سمیت فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم پر تحقیقات جاری ہیں ،ڈی جی اینٹی کرپشن اس سلسلہ میں مالی بے ضابطگیوں پر بھی تحقیقات کر رہے ہیں ،ہمارا مقابلہ بہت بڑے مافیا سے ہے لیکن ہم اس ادارے کو باوقار بنائیں گے ۔