سبزی منڈی کے راستے پر ریڑھی بازار لگانے کا حکم
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے منڈی میں صفائی ستھرائی کے کام کا جائزہ لیا
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر اورایڈیشنل ڈپٹی /اسسٹنٹ کمشنر نے سبزی منڈیوں کے دورے کئے ، سبزیوں اور پھلوں کی طلب،رسد اور ہونے والی نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کہ سبزی و فروٹ منڈی کے داخلی راستے کے دونوں اطراف ریڑھی بازار قائم کریں اور راستے میں لگی ریڑھیوں کو وہاں منتقل کیا جائے ۔انہوں نے منڈی میں صفائی ستھرائی کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے جاری کام کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو منڈی میں مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل نے ایمن آباد روڈ سبزی منڈی کے دورہ کے دوران سبزیوں کی سپلائی ، معیار اور طلب کا جائزہ لیا اور پیمانوں کی پڑتال کی ۔ انہوں نے منڈی میں پیاز، آلو، ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی ہونے والی نیلامیوں کے عمل اور ان کی قیمتوں کے تعین کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔ ایڈیشنل ڈی سی جنرل فاروق اکمل نے مارکیٹ کمیٹی اور ایگرکلچرل مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ پرائس لسٹ کی بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں اور مارکیٹ میں سبزی کی سپلائی اور ڈیمانڈ پر نظر رکھیں ۔