فیلڈ افسر واجبات وصولی کیلئے ٹارگٹ سیٹ کریں :گیپکوچیف

فیلڈ افسر واجبات وصولی کیلئے ٹارگٹ سیٹ کریں :گیپکوچیف

موبائل میٹرریڈنگ کی غلط تصویروں پر کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا:محمدایوب

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو گیپکو انجینئرمحمد ایوب نے کہا ہے کہ فیلڈ افسر موجودہ ریکوری کو بہتر بنانے کے ساتھ پرانے واجبات کی وصولی کیلئے بھی ٹارگٹ سیٹ کریں اور عادی نا دہندگان سے قومی خزانے کی پائی پائی کی وصولی کو یقینی بنائیں، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز تمام سب ڈویژن دفاتر میں اچانک چھاپے ماریں اور ہدایات کے مطابق ریکارڈ چیک کریں۔ کینٹ سرکل گوجرانوالہ، سٹی سرکل اور گجرات سرکل کے افسران کے ساتھ سرکلز کی کارکردگی کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صا رفین کو بہتر خدمات پہنچانے اور کسٹمر سروسز کے معیار کو مثالی بنانے کیلئے فیلڈ افسر اپنے سرکاری موبائل نمبر24گھنٹے آن رکھیں اور ذاتی مفادات کو ترک کر کے کمپنی کے مفاد کیلئے میرٹ پر کام کریں۔ انہوں نے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن افسروں اور سٹاف کو بجلی کے ایک ایک یونٹ کا حساب دینا پڑے گا لہذا بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز ایف آئی آر درج کروا کر میڈیا میں اس کی تشہیر کی جائے تا کہ آئندہ کسی بجلی چور کو ایسی مذموم حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔ موبائل میٹرریڈنگ کی غلط تصویروں پر کوئی عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں