گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد: 6 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد: 6 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

بد عنوانی اور غیر معیاری مٹیریل کی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی جائیگی:کمشنر کا ڈی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس سے خطاب ، جی ڈی اے کوعوام دوست ادارہ بناے کاعزم

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر ) کمشنر ذوالفقار احمد گھمن کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی ( ڈی ڈی ڈبلیو پی ) کے اجلاس میں گوجرانوالہ’ گجرات’ سیالکوٹ اور حافظ آ باد میں 60 کروڑ سے زائد لاگت کے 6 نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی، کمشنرنے شرکاء پر زورد یا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیاری تعمیراتی مٹیریل کے استعمال اور قواعد و ضو ابط کی پابندی کوخاص اہمیت دی جائے ،بد عنوانی اور غیر معیاری مٹیریل کے حوالہ سے شکایات پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈائر یکٹر ڈویلپمنٹ گوجرانوالہ راؤ تسلیم احمد نے منصوبوں کے حوالہ سے بتایاکہ گجرات میں 15 کرو ڑ کی لاگت سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت مختلف یونین کونسلوں میں پختہ گلیوں’ نالیوں کی فراہمی کا منصوبہ شروع ہوگا جبکہ 8 کرو ڑ کی لاگت سے ٹانڈہ روڈ تابھوج پورہ چوک سڑک کی بحالی اور مرمت بھی کی جائے گی ،حافظ آبادمیں محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام 10 کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے پی سی سی ’ سولنگ’ ٹف ٹائلز اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا جا رہاہے ، سیالکوٹ میں 6کروڑ کی لاگت سے ساہو چک اور دیگر دیہاتوں میں واٹر سپلائی کی سکیم مکمل کی جائے گی ،اجلاس میں مختلف تکنیکی وجو ہات کی بنا پر 11 کروڑ سے زائد لاگت کا ایک منصوبہ پی اینڈ ڈی لاہورکو بھجوانے کی بھی ہدایت کی گئی ،علاوہ ازیں کمشنر و ڈائر یکٹر جنرل گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذوالفقار احمد گھمن نے جی ڈی اے کے معاملات کو شفاف بنانے ’ میرٹ کے فروغ اور ادارے کی کارکردگی میں واضح بہتری کے عزم کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ جی ڈی اے کو عوام دوست ادارہ بنانا ان کی اولین ترجیح ہو گی ،انہوں نے واضح کیاکہ ادارے کی بدنامی اورمیرٹ سے ہٹ کر ہاؤسنگ سوسائٹیز کی منظوری کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کی ادارہ میں کو ئی جگہ نہیں ہو گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں