سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کی ادویات کا فقدان

سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کی ادویات کا فقدان

متعدد ہسپتالوں میں پی سی آر لیب کے قیام کا منصوبہ ٹھپ ، مریض نجی ہسپتالوںسے علاج اور ٹیسٹ کروانے پرمجبور

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کی ادویات کا فقدان پیدا ہوگیا، پنجاب حکومت نے ہیپاٹائٹس کے علاج اور سہولیات کی فراہمی کیلئے رواں مالی سال میں معمولی فنڈز مختص کئے اور متعدد ہسپتالوں میں پی سی آر لیب کے قیام کا منصوبہ بھی ٹھپ ہوکر رہ گیا،بیشتر سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کٹس کی فراہمی بھی ممکن نہیں ہوسکی جس کے باعث ہیپاٹائٹس کے مریض پرائیویٹ ہسپتالوں اور لیبارٹریوں سے علاج اور ٹیسٹ کروانے پرمجبور ہیں ،تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کا ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ التواء کا شکار ہوگیا ،ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صرف10 ہزار مریضوں کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ ہزاروں مریض طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، اسی طرح دیگر تحصیل ہسپتالوں میں بھی ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی سکریننگ کی جارہی ہے نہ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، بیشترٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ادویات کا سلسلہ بند ہوگیا ،سول ہسپتال میں پی سی آر لیب کی خریداری کا منصوبہ بنایا گیا مگر فنڈز کی قلت کے باعث معاملہ لٹک گیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں