ڈی ایس پی کی 3سیٹیں خالی ،سیالکوٹ میں ٹریفک درہم برہم
وزیر اعلیٰ نے شہر میں ٹریفک مسائل پر ڈی ایس پی لائسنس اتھا رٹی کو ہٹا دیاتھا
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا )ضلع میں بے ہنگم ٹریفک اور مسائل کے باوجود ایک ماہ سے ڈی ایس پی کا عہدہ خالی ہے ۔ایک ماہ قبل وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے اپنے دورہ کے دوران ڈی ایس پی لائسنس اتھارٹی مقصود احمد لون کو اس بنا پر عہدے سے ہٹایا تھا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل ہیں جبکہ ٹریفک کنٹرول کیلئے ڈی ایس پیز کے 2 الگ عہدے ہیں۔ایک ماہ گزر جانے کے باوجود نہ تو ڈی ایس پی لائسنس اتھارٹی کے عہدے پر کوئی تعیناتی عمل میں آ سکی اور نہ ہی ضلع سیالکوٹ کی ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے دو ڈی ایس پیز کی تعیناتی ہو سکی۔ڈی ایس پی مقصود احمد لون کے بعد عارضی طور پر ایک انسپکٹر کو چارج دیا گیا تھا ،ریٹائرڈ انسپکٹر قلب عباس کی جانب سے کرپشن کے الزامات کی درخواست کے بعد انسپکٹر ٹریفک سے چارج واپس لے کر انسپکٹر اسد رشید کو ڈی ایس پی کے عہدے کا عارضی چارج دیا گیا ہے ۔شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ڈی ایس پیز کے تینوں عہدوں پر افسر وں کو تعینات کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کے بے ہنگم ہجوم کو کنٹرول کیا جا سکے ۔