سیالکوٹ:ویڈیو وائرل کرنے پر تھایندار معطل ،مقدمہ کا حکم
قانون سب کیلئے برابر ، ضابطے کے تحت کارروائی کی جائیگی:ڈی پی او عاطف نذیر
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا )ڈی پی او سیالکوٹ نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو معطل کرنے کے بعد مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ عاطف نذیر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لیتے ہوئے تھانہ اگوکی میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد افتخار کو معطل کرنے کے بعد اس کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے ، اے ایس آئی کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے ناروا سلوک،رشوت ستانی کی شکایات سمیت اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی ،شہریوں سے حسن سلوک اور نرم رویہ اختیار کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے پولیس افسر وں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔