پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ , ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ , ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے

لوڈر گاڑیوں اور رکشوں نے بھی کرایوں میں دو گنااضافہ کر دیا ،سامان کی ایک سے دوسری جگہ ترسیل مشکل ،حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے :شہری

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عوام پر پٹرول بم گرتے ہی ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیا ،لوڈر گاڑیوں اور رکشوں کے مالکان نے بھی کرایوں میں دو گنااضافہ کر دیا ہے جس کے باعث سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ ترسیل مشکل ہو رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خود ساختہ طور پر اضافہ کر دیا ہے جبکہ پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا گیا لیکن ٹرانسپورٹرز نے مسافروں سے زائد کرائے وصول کرنا شروع کر دیئے ہیں،دوسری طرف چنگ چی رکشہ ڈرائیور ز سٹاپ ٹو سٹاپ 10کے بجائے 30روپے وصول کر رہے ہیں اور مسافروں اور ڈرائیورز کے درمیان بحث و مباحثہ کے مناظربھی دیکھنے کومل رہے ہیں ۔دوسری طرف لوڈر گاڑیوں کے مالکان نے بھی گاڑی کی بکنگ میں اضافہ کر دیا جس کے باعث سامان کی ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ میں ترسیل مشکل ہو گئی ہے ،شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں