واپڈا یو نین کی کل سیالکوٹ میں بجلی بند کرنے کی دھمکی
سب سے پہلے ڈپٹی کمشنر دفتر اور ڈی پی او آفس کی بجلی منقطع کی جائے گی, ایکسین پر حملے کے ملزم گر فتار نہ ہو ئے صوبہ بھر میں احتجاج ہوگا :مقررین
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا )ایکسین گیپگو پر تشدد اور اغوا کا معاملہ، واپڈ ا ہائیڈرو ورکرز یونین نے ملزموں کی عدم گرفتاری پر 20اکتوبر کو شہر بھر کی بجلی غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کی دھمکی دیدی، سب سے پہلے ڈپٹی کمشنرآفس اور ڈی پی او آفس کی بجلی منقطع کی جائے گی۔ سوموارکے روز گیپگو سرکل آفیسر سیالکوٹ میں ایکسین گیپگو سرکل 2 ملک محمد سعید پر قاتلانہ حملے ،تشدد اور اغوا کی کوشش کے ملزموں کی عدم گرفتاری پر مرکزی جنرل سیکرٹری واپڈ ا ہائیڈر یونین خورشید احمد خان اور ریجنل چیئرمین ولی الرحمن نے سینکڑوں ورکرزکے احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایکسین پر تشدد کے ملزموں کو گرفتا ر کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے جس پر واپڈا ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کو وارننگ دی کہ اگر 20اکتوبرتک ملزموں کی گرفتاری عمل میں نہ لائی گئی تو سیالکوٹ شہر کی بجلی غیرمعینہ مدت تک بجلی بند کردی جائے گی اور پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔ ریجنل چیئرمین ولی الرحمن نے اپنے خطاب میں کہاکہ سب سے پہلے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ اور ڈی پی او آفس کی بجلی منقطع کی جائے گی۔