حکومت کی ناقص پالیسیوں سے حالات خراب ہیں :نعیم میر

 حکومت کی ناقص پالیسیوں سے حالات خراب ہیں :نعیم میر

وزیر خزانہ ،چیئرمین ایف بی آر مناظرہ کر لیں، غلط ہواتو جیل میں ڈال دیں

گجرات(سٹی رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجراں کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد نعیم میر نے کہا ہے کہ 26اکتوبر کو پاکستان بھر کے تمام تاجر اپنے حقوق اور مطالبات کے حق کیلئے فیض آباد چوک اسلام آباد میں دھرنا دیتے ہوئے پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں، وفاقی بجٹ کو ٹیکس فری بجٹ کہہ کر منی بجٹ میں 334ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گئے جان لیوا مہنگائی ، پٹرول کی قیمتوں، بجلی ، گیس قیمتوں میں بے پناہ اضافہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیاں ہیں، وزیر خزانہ ،چیئرمین ایف بی آرمجھ سے مناظرہ کر لیں اگر غلط ثابت ہوا تو مجھے ایک سال کیلئے جیل میں ڈال دیں اگر وہ غلط ثابت ہوئے تو ایک سال جیل بھگتیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات پریس کلب میں صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالرؤف مغل،جاوید بٹ ، خادم حسین سلیمی ، شیخ محمد سلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نعیم میر نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کے محاذ پر مکمل طور پر فیل ہو چکی ہے ، روپے کی قدر و قیمت تباہ کرکے رکھ دی گئی ہے ،تبدیلی اور انقلاب کی دعویدار حکومت کی تبدیلی صرف اسی صورت میں آئی ہے کہ غریب سے غریب ، مجبور سے مجبور تر ہوتے چلے جارہے ہیں، تاجروں کو ہردور میں ٹیکس چور، کالے چور ، مافیا کے خطابات سے نوازا گیا حالانکہ مافیا موجودہ حکومت کے دائیں بائیں موجود ہیں جو دن بدن خوشحال ہوتے چلے جارہے ہیں اور عوام بے حال ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک سے موازنہ کرنے والے وزیر اعظم کو سب سے پہلے ریاست کے شہریوں کے بنیادی حقوق اور وہ سہولیات فراہم کرنی چاہئیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں