گجرات :11لاکھ سے زائد افراد کورونا ویکسین سے مستفید
12سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا آغازجلد ہوگا: ڈاکٹر نعیم اختر
گجرات(سٹی رپورٹر، نامہ نگار )چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر جنجوعہ نے کہا ہے کہ ضلع میں ابتک کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی 18لاکھ86ہزار 447خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، ضلع میں 18سال سے کم عمر نوجوانوں کی ویکسی نیشن بھی کی جارہی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈی ڈی ایچ اوز بھی موجود تھے ۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نعیم اختر جنجوعہ نے بتایا کہ ضلع گجرات کی بارہ سال سے زائد عمر کی کل آبادی 21لاکھ25ہزار 590ہے ، ابتک 7لاکھ62ہزار سے زائد افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دونوں خوراکیں جبکہ 11لاکھ 23ہزار 495افراد کو پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے ۔ سی ای او نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں پندرہ سال سے سترہ سال عمر کے نوجوانوں کی ویکسی نیشن شروع کی گئی ہے جبکہ این سی او سی اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اب بارہ سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے سکولز ایسویسی ایشن کے نمائندگان سے اپیل کہ وہ محکمہ صحت سے تعاون کریں ۔