فیول ایڈجسٹمنٹ , گیپکو صارفین کو اربوں روپے کا جھٹکا

فیول ایڈجسٹمنٹ , گیپکو صارفین کو اربوں روپے کا جھٹکا

39 لاکھ سے زائد صارفین کے بلوں میں ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ اضافی شامل ،ہزاروں کو 33 سے 35 دن کی ریڈنگ کے بل موصول ،شہری پر یشان , رقم حکومتی ہدایت پر شامل ، 300یونٹ تک استعمال کرنیوالے اور ٹیوب ویل صارفین کو سبسڈی دی گئی ،اضافی ریڈنگ والے بل درست کر رہے :حکام

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گیپکو نے رواں ماہ گوجرانوالہ ڈویژن میں بجلی کے 39لاکھ سے زائد صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اربوں روپے کے بل ڈال د ئیے جبکہ لدھیوالہ وڑائچ سب ڈویژن میں ہزاروں صارفین کو اضافی بلنگ اور ڈی ٹیکشن بل بھیج دئیے گئے ، بیشتر صارفین نے بلوں کی درستگی کیلئے گیپکو حکام کو درخواستیں دے دیں، ماہ اکتوبر میں گیپکو صارفین کو جاری ہونیوالے بلوں میں اگست کے مہینے کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ ایک روپے 95پیسے اضافی بل شامل کئے گئے گیپکو نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اربوں روپے وصول کرنا شروع کرد ئیے ۔ گیپکو کے گوجرانوالہ ڈویژن کے 6 اضلاع گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،گجرات ،حافظ آباد ،منڈی بہاؤ الدین اور نارووال میں 39لاکھ سے زائد صارفین ہیں ۔ لدھیوالہ وڑائچ سب ڈویژن میں ہزاروں صارفین کو ڈی ٹیکشن اوراضافی بلنگ کردی گئی، 30دنوں کے بجائے 33سے 35دنوں کی ریڈنگ ڈال کر اضافی بل ڈالے گئے جس پر صارفین بلوں کی درستگی کیلئے گیپکو حکام کے دفاتر کے چکر کاٹنے لگے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اضافی بلنگ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے عام صارفین زیادہ متاثر ہورہے ہیں ، گیپکو ہر ماہ فی صارف5سے 50 ہزار روپے تک زائد ریڈنگ کے ذریعے وصول کررہا ہے جبکہ اوور بلنگ اور زائد ریڈنگ کی شکایت کرنے والے صارفین کو دفاتر کے اتنے چکر لگوائے جاتے ہیں کہ وہ تنگ آکر پورا بل جمع کرانے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ دوسری جانب گیپکو حکام کا کہنا تھا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافی رقم حکومتی ہدایت پر شامل کی گئی ہے ، 300یونٹ تک استعمال کرنے والے اور ٹیوب ویل صارفین کو سبسڈی دی گئی ہے تاہم اضافی ریڈنگ اور بلنگ کی شکایت پر بل درست کیا جارہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں