مہنگائی ،بیروز گاری سے المیہ جنم لے سکتا ہے :اے پی سی
نظام انصاف اور احتساب کے نام پر ملک کو تماشہ بنا دیا گیا :آصف اقبال و دیگر کا خطاب
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ دنیا ) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی،بیروزگاری اور افراط زر سے قومی المیہ جنم لے سکتا ہے ،نظام انصاف اور احتساب کے نام پر ملک کو تماشہ بنا دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے زیر اہتمام آل پارٹیزکانفرنس میں کیا گیا۔ ضلعی امیر جماعت اسلامی میاں آصف اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں سے معیشت تباہی کی طرف جارہی ہے ، صنعتی ترقی منفی درجے میں جاچکی ہے ,افراط زر 5.8 سے بڑھ کر 9 فیصد ہوگیا ہے ، زرعی ملک ہونے کے باوجود گندم،کپاس اور چینی درآمد کی جا رہی ہے ،پٹرول،بجلی اور گیس کی قیمتوں نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے ,64فیصد آبادی صاف پانی سے محروم ہے ۔ شمس العارفین نے کہا بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوام احتجاج پر مجبور ہو چکے ہیں۔ سید شبیر احمد گیلانی نے کہا کہ تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ موجودہ حکومت کو چلتا کیا جائے ۔سکھ لیڈر جسکرن سنگھ نے کہا کہ حکومت کی خلاف اقلیتیں بھی باہر نکلیں گی تاکہ عوام دشمن پالیسیوں سے قوم کو نجات دلائی جائے ۔ فریاد حسین شاہ نے کہا کہ مہنگائی کے بڑھنے سے 9.5 کروڑ مزدور متاثر ہوئے ہیں،لوگ خود کشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔بزنس فورم کے صدر اسد اعجاز نے کہا ناقص پا لیسیوں سے ملک کی معاشی طاقت دن بدن تباہ ہورہی ہے ۔طلحہ سلہری ،امتیاز بریار ،مفتی عارف نے بھی اظہار خیال کیا۔