قبضہ مافیا سے 64 کنال سرکاری اراضی واگزار
اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے موضع نند پور سے 8کنال اور ایمن آباد کے علاقہ میں 56کنال اراضی واگزار کروا ئی ، مالیت تقریباً7کروڑ روپے بنتی ہے
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 64کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی ،کاروائی ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں کی گئی، تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کارروائی کرتے ہوئے موضع نند پورمیں 8کنال، حلقہ ایمن آباد کے علاقہ میں 56کنال سرکاری اراضی واگزار کروا ئی ، واگزار اراضی صوبائی حکومت کی ملکیت اور اسکی مالیت تقریباً7کروڑ روپے ہے ،اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ کارروائی کا مقصد سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنانا اور واگزار اراضی کو حکومتی پالیسی کے مطابق عوامی مقاصد کیلئے بروئے کار لانا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر صدر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ،کسی کو بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے نہیں دیں گے ،جہاں کہیں بھی سرکاری اراضی پر قبضے کی نشاندہی ہو گی اسے فوری ایکشن لیتے ہوئے بازیاب کروایا جا ئیگا اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔