واسا , میونسپل کارپوریشن یونینز , ایپکا کا مہنگائی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھنے کیخلاف احتجاج کا فیصلہ
پٹرول اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نا قابلِ برداشت ،حکومت نے ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا ،تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے فوری طورپر اضافہ کیا جائے :رہنما
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) واسا اتحاد یونین سی بی اے ، میونسپل کارپوریشن سی بی اے یونین اور ایپکا گوجرانوالہ کے نمائندگان نے مشترکہ اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا ۔ لیاقت پارک ٹینکی دفتر واسا میں ہونیوالے اجلاس میں واسا اتحاد یونین کے صدر اسحاق میؤ ، جنرل سیکرٹری عمانوئیل غوری، چیئرمین محمد افتخار، میونسپل کارپوریشن یونین کے صدر پرویز مٹو ،جنرل سیکرٹری عمران خالد بٹ، صدر ایپکا طاہر محمود بھٹی ودیگرنے کہا کہ پٹرول اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نا قابلِ برداشت ہے ، مہنگائی نے عام آدمی کی کمرتوڑکر رکھ دی ہے ، صوبائی حکومت نے ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا ہے ، تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے فوری طورپر اضافہ کیا جائے اوراب بھی اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو خودکشیوں پر مجبور ہو جائیں گے ۔