نہر کنارے گندگی کے ڈھیر پانی بدبودار اور زہریلا ہونے لگا، محکمہ انہار وضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی

نہر کنارے گندگی کے ڈھیر پانی بدبودار اور زہریلا ہونے لگا، محکمہ انہار وضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی

نہر اپر چناب اور لوئر چناب کے کناروں پر گوالوں کے باڑے ،بھینسوں کے گوبر سے گندگی و آلودگی میں اضافہ ،گردونواح کے علاقوں میں تعفن ،نہر کے اندر اور کنارے پر کوڑا کرکٹ پھینکنامنع ہے :محکمہ انہار

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)شہر یوں نے نہر کنارے گندگی پھینکنا شروع کر دی ہے جس سے وہاں پرگندگی کے ڈھیرلگے ہوئے ہیں اور نہر ی پانی بدبودار اور زہریلا ہوتا جا رہا ہے جبکہ محکمہ انہار اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نہر اپر چناب اور نہر لوئر چناب کے کناروں پر گوالوں نے باڑے بنا رکھے ہیں جہاں بھینسوں کا گوبر نہر کنارے پھینک دیا جا تا ہے ،اس کے علاوہ نہر کے قریبی رہائشیوں نے بھی نہر کنارے کوڑا پھینکنا شروع کر دیا ہے جبکہ محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور بعض پرائیویٹ افراد و اداروں کی طرف سے بھی نہروں میں کوڑا کرکٹ پھینکا جاتا ہے اور اب گوالوں کی طرف سے گوبر پھینکنے سے گندگی و آلودگی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ نہری پانی بدبودار اور آلودہ ہونے کے باعث نہروں کے گردونواح کے علاقوں میں تعفن پھیل رہا ہے جبکہ نہرکے اندر یا کناروں پر کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں۔ محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ کسی کو نہر کے اندر اور کنارے پر کوڑا کرکٹ پھینکنے کی اجازت نہیں ہے اور ایسا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں