کالعدم تنظیم کا لانگ مارچ , پبلک ٹرانسپورٹ بند , مسافر رل گئے
جی ٹی روڈ بند ہونے کے باعث لاہور اور راولپنڈی آنے جانیوالی ٹریفک معطل ،شہریوں نے ٹرین پر سفر کر نا شروع کر دیا ،ریلوے سٹیشنزپر رش
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) کالعدم تنظیم کے لانگ مارچ کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کیلئے مسافررل گئے اور شہریوں نے ٹرین پر سفر کر نا شروع کر دیا ہے جس کے باعث ریلوے سٹیشنزپر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ کے باعث جی ٹی روڈ بند ہے جس کے باعث گوجرانوالہ سے لاہور اور راولپنڈی آنے جانے والی ٹریفک معطل ہے ، جنرل بس سٹینڈ سمیت تمام نجی اڈے بھی بند ہیں جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہری ٹرین میں رش کے باعث سیٹیں نہ ہونے کی وجہ سے لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیں،گوجرانوالہ کے ریلوے سٹیشنز پر پہلے ہی کم ٹرینوں کا سٹاپ ہوتا ہے لیکن اب مسافر زیادہ ہونے کی وجہ سے مشکل سے ٹرین میں جگہ ملتی ہے ، روزانہ کی بنیاد پر ملازمت اور کاروبار کرنیوالوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ جب تک جی ٹی روڈ مکمل طور پر بحال نہیں ہوتی تب تک گوجرانوالہ میں ریلوے سٹیشنز پر ٹرین کے سٹاپ بڑھائے جائیں ۔