عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلع کی 40مساجدمیں کھلی کچہریاں

عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلع کی 40مساجدمیں کھلی کچہریاں

سی پی او سید حماد عابد نے مرکزی جامع مسجد اہلحدیث مین بازار کامونکی میں مسائل سنے

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر،نمائندگان ،نامہ نگاران)عوام الناس کے مسائل کے فوری حل کیلئے ضلع بھرکی40مساجد میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیاگیا ، اسی سلسلے میں سی پی او کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے مرکزی جامع مسجد اہلحدیث مین بازار کامونکی میں نماز جمعہ کے بعدکھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اور خطاب کر تے ہوئے کہاکہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان حائل فاصلوں کوکم کرکے انصاف کے تقاضے پورے کرنا ہے تاکہ معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایاجاسکے ، ا نصا ف،عزت و وقار اور دکھی انسانیت کی خدمت پولیس کا فرض ہے لہذا پولیس خدمت انسانیت کے جذ بے کے تحت عوام کی مدد کر ے ، اگر کسی پولیس افسر نے طمع نفسانی کی خاطر کسی مقدمہ کی تفتیش میں مظلوم کے ساتھ زیادتی یا نا انصافی کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی پی او نے سائلین کے انفرادی و اجتماعی مسائل کو فرداََ فرداََ سُنا اور متعلقہ افسروں کو ہدایات کیں کہ شہریوں کی جانب سے درج ہونے والی شکایات پر جلد از جلد قانون کے مطابق کارروائی کی جا ئے ۔ سی پی او کے احکامات پر ڈویژنل ایس پی،ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او ضلع ہذا نے بھی ضلع کے مختلف علاقوں کی چالیس مساجد میں کھلی کچہریاں لگائیں اور لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں