خراب سگنلز، مویشیوں کا عدم انخلا، تعلیمی اداروں کی بہتات، ٹریفک کنٹرول پلان ناکام

خراب سگنلز، مویشیوں کا عدم انخلا، تعلیمی اداروں کی بہتات، ٹریفک کنٹرول پلان ناکام

بے ہنگم وبے ترتیبی کے باعث گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول ، مریضوں، ملازمین ،طلبا اورکاروباری شخصیات سمیت شہریوں کا بروقت منزل مقصود تک پہنچنا دشوار

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) خراب ٹریفک سگنلز ، شہر سے مویشیوں کا عدم انخلاء اورگنجان آباد علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بہتات سے ٹریفک کنٹرول پلان ناکام ہوگیا ،بے ہنگم اور بے ترتیب ٹریفک کے باعث شہر میں گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا جس کی وجہ سے مریضوں، سرکاری ملازمین ،طلباء اورکاروباری شخصیات سمیت شہریوں کا بروقت منزل مقصود تک پہنچنا دشوار ہو کر رہ گیاہے ۔شہریوں کی شکایات کے پیش نظر متعدد بار حکومتی اداروں نے ٹریفک کنٹرول پلان مرتب کرنے کے واضح احکامات جاری کیے لیکن سیاسی مجبوریوں اور پیشہ ورانہ نااہلی کے باعث ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے کی موثر حکمت عملی نہ بنا سکی ، متعدد بار کوششوں کے باوجود مویشیوں کی شہری حدود سے باہر منتقلی کو بھی ممکن نہ بنایا جاسکا ،سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کے کھلنے اور چھٹی کے اوقات میں رش کی وجہ سے شہر کی تمام اہم اور مصروف شاہراہوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے لیکن ٹریفک پولیس رش آورز کے دوران ون وے ٹریفک چلاتی ہے اور نہ ہی شہریوں کو متبادل راستے دکھائے جاتے ہیں،ٹریفک جام ہونے اورشہر بھر کا سیوریج سسٹم فیل ہونے کی ایک بڑی وجہ اندرون شہر موجود مویشیوں کے باڑے بھی ہیں ،شہریوں نے فوری ٹریفک کنٹرول پلان مرتب کرنے کامطالبہ کیاہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں