عوامی تحریک کا یوسی کی سطح پر تنظیم فعال کرنے کا اعلان
آئندہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری مکمل، تمام جماعتوں کو مقابلے کا عندیہ
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کی قیادت نے جلد یونین کونسل کی سطح پر تنظیم کو بھرپور فعال کرنے کی ہدایت کر دی ، آئندہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کو سخت مقابلے کا عندیہ دیدیا ،گوجرانوالہ ڈویژن کے اجلاس میں اضلاع کے صدور اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔عوامی رابطہ تیز اور موثر بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ، گوجرانوالہ، گجرات،حافظ آباد ، سیالکوٹ ، نارووال اور منڈی بہائو الدین کے ڈسٹرکٹ عہدیداروں نے اپنی اپنی رپورٹ پیش کی جس پر ڈویژنل صدر حاجی ملک فاروق احمد، سیکرٹری جنرل رانا شہزاد قادری، سینئر نائب صدر گوجرانوالہ ڈویژن سرفراز احمد چودھری،سیکرٹری اطلاعات فیاض حسیب قادری نے اطمینان کا اظہار کیا ۔رانا شہزاد قادری نے کہا کہ ہمیں اخلاص سے کام کرنے کی ضرورت ہے ، عہدیدار جتنا بھی تنظیمی کام سر انجام دیں رپورٹ میں وہی بتایا جائے تاکہ اپنی اصلاح بھی ہو اور مرکز ہمیں مزید بہترین معاونت فراہم کر سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحبت کسی نعمت سے کم نہیں اور ہمیں کسی صورت بد دل اور مایوس نہیں ہونا ۔