ووٹر لسٹ نہ بھجوانے پر ایکشن ، 14 بارزکے صدور معطل

ووٹر لسٹ نہ بھجوانے پر ایکشن ، 14 بارزکے صدور معطل

سینئر نائب صدور کو صدر کے اختیارات تفویض ،لسٹیں فوری بھجوانے کی ہدایات

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ووٹر لسٹ نہ بھجوانے پر پنجاب بار کونسل نے پسرور ، کامونکے ،پھالیہ اور پنڈی بھٹیاں سمیت 14 بار ایسوسی ایشنز کے صدور کو معطل کر دیا ۔ سینئر نائب صدور کو صدر کے اختیارات تفویض کر دئیے گئے ۔ پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وکلا کی ووٹر لسٹیں فوری بھجوانے کی ہدایات جاری کر دیں ۔ پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین حاجی محمد افضل کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چودھری محمد مشتاق ، بشارت اللہ خان اور آصف شہزاد چودھری سمیت دیگر ممبر شریک ہوئے ۔ کمیٹی نے کئی بار ہدایات کے باوجود ووٹر لسٹ پنجاب بار کونسل کو نہ بھجوانے کا نوٹس لیتے ہوئے ملتان ،خانیوال، قصور، کوٹ رادھا کشن،ننکانہ صاحب ، سانگلہ ہل ، پنڈی بھٹیاں ،پھالیہ ، تاندلیانوالہ، پسرور ، راولپنڈی،ساہیوال اور کامونکے بار ایسوسی ایشنز کے صدور کو فوری طور پر معطل کرکے ، صدر کے اختیارات ان بار ایسوسی ایشنز کے سینئر نائب صدور کو دینے کا حکم دیا ۔ کمیٹی نے 14 بار ایسوسی ایشنز کے سینئر نائب صدور کو ووٹر وکلا پر مشتمل لسٹیں پنجاب بار کونسل بھجوانے کی ہدایت کی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں