سیالکوٹ:درخت گر نے سے تار ٹوٹ گئے ،گھنٹوں بجلی بند
توپ خانہ میں نصب 4 ٹرانسفارمر جل گئے ، کئی گھنٹوں بعد بجلی بحال ہو گئی , شہری سراپا احتجاج بن گئے ، کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام واقعہ سے لاعلم نکلے
سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سردی سے بچنے کیلئے ٹر بائن آ پریٹرز نے درخت کاٹنا شروع کر دئیے ، درخت گر نے سے بجلی کی مین لائن ٹوٹ گئی ،4 ٹرانسفارمر جل گئے ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ، کئی گھنٹے بجلی بند رہنے کے بعد بحال ہو گئی ، کنٹونمنٹ بورڈ حکام واقعہ سے لاعلم نکلے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیالکوٹ کے علاقہ توپ خانہ بازار میں ٹربائن آپریٹرز نے سردی سے بچنے کیلئے توپ خانہ میں لگے درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹنے کا منصوبہ بنایا اورگزشتہ رو ز دونوں اہلکار درخت کاٹ رہے تھے کہ اچانک درخت بجلی کی11ہزار وولٹیج کے تاروں پر گر گیا ، مین تار ٹوٹ گیا اور سینکڑوں علاقہ مکین کئی گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے ۔ توپ خانہ میں نصب بجلی کے چار ٹرانسفارمر جل گئے جبکہ شہریوں کے بر قی آ لات کو بھی نقصان پہنچا ۔ توپ خانہ بازار کے مکینوں نے گیپکو حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا ، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بجلی بحال کر دی گئی ۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے کنٹونمنٹ بوڑڈ کے مقامی حکام کو واقعہ کی اطلاع دی گئی تو متعلقہ حکام نے کہا کہ ایسا تو کوئی واقعہ نہیں ہوا۔کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام کی لا علمی پر شہری حلقوں نے افسوس کااظہار کیا اورکہاکہ حکام مسائل سے لاعلم ہیں۔ شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے افسر وں و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے ۔