سردی میں دھوپ کیلئے نہر کناروں پر مویشی باڑے قائم
گوبر سمیت دیگر گندگی نہروں میں پھینکی جانے لگی،حکام نوٹس لیں:شہری
تتلے عالی(نامہ نگار)سردی میں دھوپ کیلئے نہر کناروں پر مویشی باڑے قائم ہوگئے ،گوبر سمیت دیگر گندگی نہروں میں پھینکی جانے لگی۔ موسم سرما شروع ہوتے ہی تتلے عالی اور نواحی علاقوں سے ملحقہ گوجرانوالہ اور شیخوپورہ ریجن کی اپر چناب،گھمن والہ مائنر، راجہ پلہ مائنر،تنگ کلاں مائنر سمیت5کے قریب نہر وں کے کناروں پر مویشی باڑے قائم کر لئے گئے ہیں جس کی وجہ سے موٹر سائیکل اور گاڑی کا گزرنا محال ہوگیا ہے ۔ گوالے گائے ،بھینسوں اور دیگر جانوروں کو نہری پٹڑی اور کناروں پر د ھوپ میں باندھ دیتے ہیں جبکہ ان کا گوبر کھیتوں میں کھاد کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے نہروں میں گرایاجا رہا ہے جس سے نہری پانی آلودہ ہو رہا ہے ،بعض مقامات پر ٹرالیوں اور ریڑھیوں پر گوبر لوڈ کرکے نہروں میں پھینکا جا رہا ہے ۔ تتلے عالی ونواحی علاقہ مکینوں مہر سلیم،محمد رمضان ،لالہ افضل،فرخ ہمایوں، عاطف نذیر سیکھو،رانا شبیر نمبردار،چودھری خان گادی، نواز کھوکھرنے نہر کنارے ، پٹڑی برباد کرنے اور نہری پانی کو آلودہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔