پی پی 38 کے موضع ملو چھت میں خواتین کالج کا افتتاح
امریکہ کی طرز پر ایسوسی ایٹ ڈگری کے پروگرامز کا اجرا کیا جارہا :وزیر ہائر ایجوکیشن
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے کہا ہے کہ 70سال کے مسائل کو 5 سال میں حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، معیاری گر یجوایٹس نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے نوجوان عالمی مارکیٹ میں دستیاب جاب حاصل کرنے سے قاصر ہیں،ہمارا قصور ہے کہ ہم وہ پاکستان نہیں بنا سکے جو علامہ اقبال اورقائد اعظم کا خواب تھا ،وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نظام تعلیم کو درست سمت کی جانب لے جارہے ہیں اس مقصد کے حصول پر محکمہ تعلیم میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر بھرتیاں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرز پر ایسوسی ایٹ ڈگری کے پروگرامز کا اجرا کیا جارہا ہے ،5 ہزار ٹیچرز بھرتی کرینگے جبکہ ضرورت کے مطابق 2 ہزار مزید سی ٹی آئیز بھرتی کیلئے وزیر اعلیٰ کو سمری بھجوا دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں پنجاب کی یونیورسٹیوں کی عالمی رینکنگ100 فیصد بہتر ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 38 کے موضع ملوچھت میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کے افتتاح کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور تحریک انصاف کے رہنماچودھری سلیم بریار نے بھی خطاب کیا ۔