یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا ،گھی ، دالیں غائب، شہریوں کومشکلات

یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا ،گھی ، دالیں غائب، شہریوں کومشکلات

شہری عام مارکیٹ کارخ کرنے پر مجبور، اشیا کی دستیابی یقینی بنانے کا مطالبہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ضلع بھرکے یوٹیلیٹی سٹورز سے آٹا ،گھی ،کنگ آئل اور دالیں غائب ہونے پر شہری عام مارکیٹ سے مہنگے داموں اشیاء ضروریہ خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ دستیاب چینی دیگر اشیاء کی خریداری کے بغیر نہیں دی جا رہی۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں 70 سے زائد یو ٹیلیٹی سٹورز ہیں جہاں سے شہریوں کو عام مارکیٹ سے سستی اشیاء ضروریہ ملتی ہیں،سٹورز سے شہریوں کو 85روپے فی کلو گرام چینی ملتی ہے لیکن وہ بھی تب دی جاتی ہے جب شہری اس کیساتھ دیگر اشیابھی خریدیں ،یوٹیلیٹی سٹور ز پر اس وقت نہ تو کنگ آئل ہے اور نہ ہی گھی دستیاب ہے جبکہ آٹا گزشتہ کئی روز سے دستیاب نہیں ہے ۔دالیں ،سفید چنے ،مسور دال ،ثابت مسور ،دال ماش سمیت کئی اشیاء یوٹیلیٹی سٹور پر موجود ہی نہیں ہیں ۔یو ٹیلیٹی سٹور سے کالے چنے 155روپے فی کلو گرام کے حساب سے مل رہے ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں یہ 150روپے کلو ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور سے اشیاء ضروریہ گزشتہ کئی روز سے غائب ہیں اورجو دستیاب ہیں ان کی قیمتیں عام مارکیٹ سے زیادہ ہیں ،انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ فوری طور پر یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنا یاجائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں