14 سڑکوں کو کمرشل قرار دینے کی منظوری
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس میں 14 سڑکوں کو کمرشل قرار دینے کی منظوری دیدی گئی ،ان سڑکوں کی کمرشلائزیشن سے حکومت کو10 کروڑ سے زائد آمدنی کا امکان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی منصوبہ بندی اور ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی زیر صدارت ہوا،جس میں کمرشلائزیشن کی اجازت کیلئے زیر التواء 77کیسز کی بھی منظوری دی گئی جن سے 170ملین آمدن متوقع ہے ۔اس کے علاوہ عرصہ سے زیر التواپٹرول پمپس کو این او سی جاری کرنے کی منظوری دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کی طرف سے کلیئر کیے گئے تمام کیسز کو ڈی پی ڈی سی (پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی)سے بھی کلیئر کر دیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے قانونی تقاضے پورے کرنے والے بقیہ کیسز نمٹانے کے لیے جمعرات کو ڈسٹرکٹ پٹرول پمپ کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا اور اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)انجم ریاض سیٹھی کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ویژن کے تحت کاروبار میں آسانی اور سہولت کے لیے تمام تر اقدامات کو بروئے کار لایا جائے گا، لوگوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت پیدا کرنا ہم سب کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ محکمانہ ذمہ داری بھی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اجازت ناموں (این او سیز)کے اجراء سے نا صرف کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ لوگوں کو روزگار میسر آئے گا اور کاروباری سرگرمیوں سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی حالت بہتر ہو گی۔