سرائے عالمگیر تا منڈی بہاؤالدین روڈ کو دورویہ کرنے کاآغاز
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )سرائے عالمگیر تا منڈی بہاؤالدین روڈ کو دورویہ کرنے کے منصوبہ پر کام کا آغاز کر دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور تحریک انصاف کے ایم پی اے چودھری ارشد نے 46 کلو میٹر طویل سڑک کا افتتاح کر دیا ، منصوبے پر 6 ارب 26 کروڑ روپے لاگت آ ئیگی ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ ،ایکسین ہائی ویز مہر عظمت اور شہری بڑی تعادد میں موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سرائے عالمگیر تا منڈی بہاؤالدین روڈ کا منصوبہ 29 نومبر 2023 تک مکمل کیا جائے گا ، دونوں اطراف سڑک کی چوڑائی 48 فٹ ہوگی ،5 فٹ چوڑا میڈین بھی سڑک کا حصہ ہو گا ۔
انہوں نے بتایاکہ سڑک کی تعمیر سے منڈی بہاؤالدین، سرائے عالمگیر،آزاد کشمیر ،جہلم اور گجرات کے شہریوں کوفائدہ ہوگا اور علاقہ میں تعمیرترقی کے نئے دور کاآغاز ہو گا ۔ ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ سرائے عالمگیر تا منڈی بہاؤالدین روڈ کی تعمیر کے لئے 80 فیصد وسائل وفاقی حکومت برداشت کرے گی جبکہ حکومت پنجاب 20 فیصدوسائل فراہم کرے گی ۔
ایم پی اے چودھری محمد ارشد نے کہا کہ سرائے عالمگیر تا منڈی بہاؤالدین روڈ علاقے میں انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ کامثالی منصوبہ ہے ،یہ پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارکی طرف سے سرائے عالمگیر اورملحقہ اضلاع کے عوام کیلئے تحفہ ہے ۔