عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا:شمس الرحمن سواتی
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ کرکے حکمرانوں نے عوام کیلئے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کر دئیے ہیں،پورا ملک ہی حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے ،یوریا کھاد کی عدم دستیابی پر کاشتکار سراپا احتجاج ہیں،تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی لیبر ونگ ضلع گوجرانولہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ، اجلاس میں صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پنجاب محمد امین منہاس، ضلعی صدر لیبر ونگ رانا عبد الجبار،ضلعی جنرل سیکرٹری لیبر ونگ ناصر خان مروت،ملک عابد حسین،قیصر محمود بٹ،محمد آصف بٹ کے علاوہ لیبر ونگ کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ، انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں آج تک ایسی نا اہل حکومت کبھی نہیں دیکھی، قوم کا مستقبل اندھیروں میں دھکیلا جارہا ہے ، منی بجٹ کے نام پر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا ہے ، آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عمل در آمد کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ، پاکستان کے مسائل کا حل صرف قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے ۔