ٹینری زون کے متاثرین کا ڈائریکٹر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹینری زون کے متاثرین نے چیئرمین شفیق طاہر مغل کی قیادت میں احتجاجی مظاہر ہ کیا ۔ٹینری زون کھمبرانوالہ سیالکوٹ کے ڈائریکٹر اور چیئرمین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ گیریژن پارک روڈ سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری تک کیا گیا ۔
اس موقع پر ایس ڈی پی او، ڈی ایس پی سٹی رانا ندیم طارق اور ایس ایچ او تھانہ سول لائن عرفان اشرف بھی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور سیالکوٹ چیمبر انتظامیہ کو مظاہرین سے مذاکرات کیلئے رضا مند کیا ۔ بعد ازاں چیئرمین متاثرین ٹینری زون شفیق طاہر مغل نے بتا یا کہ سیالکوٹ چیمبر کی انتظامیہ نے دو دن کا وقت لیا ہے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹینری زون میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر فریقین کو بٹھا کر مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے جس پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے ۔