واپڈا یونینز کا 14 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش ، مطالبات کی منظوری کیلئے اتھارٹی کو 12 دن کا الٹی میٹم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین اور گیپکو ورکر یونین نے گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے ،ملازمین کو سیفٹی سامان ،لائن سٹاف کی سہولیات اور دیگر 14 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا مطالبات کی منظوری کیلئے اتھارٹی کو12دن کا الٹی میٹم دے دیا ۔
واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین اور گیپکو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمان خان نے گیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو 14نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جس میں گیپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ختم کرنے ان کے من پسند تقرر وتبادلوں کو روکنے ،گیپکو کے 10ہزار890 ملازمین کو موٹرسائیکل ،سیفٹی سامان ،بنیادی سہولیات اور دیگر حقوق کی منظوری دینے کا مطالبہ کیا گیا،گزشتہ روزگیپکو یونین کے وفد نے دوران ملاقات چارٹر آ ف ڈیمانڈ پیش کرکے 12دن کا الٹی میٹم دیا کہ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ ہوئے تو گوجرانوالہ ڈویژن کے پانچوں سرکلز ،26 ڈویژنوں اور120سب ڈویژنوں میں ملازمین کام چھوڑ دیں گے اور دفاتر کی تالہ بندی کریں گے جس کی ذمہ داری گیپکو حکام پر عائد ہوگی۔
ریجنل چیئرمین ولی الرحمان خان نے بتایا کہ مشکل اورکڑے وقت میں مزدور کام کرتے ہیں اپنی جانو ں پر کھیل کر ہیوی تاروں کی مرمت کرتے لیکن انہیں کوئی سہولیات نہیں دی جاتی جبکہ بند کمروں میں فیصلے مسلط کرنے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز پر بھاری اخراجات کیئے جارہے ہیں اگر مزدوروں کے مطالبات منظورنہ ہوئے تو چھ اضلاع کے دفاتر پر کام چھوڑ کر تالہ بندی کردی جائے گی۔