گیس کی قلت ، ایل پی جی ولکڑی مہنگی

گیس کی قلت ، ایل پی جی ولکڑی مہنگی

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی گیس کی قلت بڑھ گئی ، شہریوں نے متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی اور خشک لکڑی کا استعمال بڑھا دیا ،دکانداروں نے ایل پی جی اور خشک لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چار روز سے خون جمانے والی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ،جس کے ساتھ گیس کا شاٹ فال بھی بڑھ گیا ہے ،گوجرانوالہ میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے چار لاکھ سے زائد گھریلو صارفین ہیں جن کو120ملین مکعب فٹ گیس درکار ہے ،اس وقت ریجن بھر میں گیس کا شاٹ فال 45ملین مکعب فٹ تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہے ۔

شہری گیس کے متبادل کے طور پر ایل پی جی اور لکڑی کا استعمال کر رہے ہیں،جس کے باعث ایل پی جی اور لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ،دوسری طرف شہریوں نے گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے کمپریسر کا استعمال بڑھا دیا ہے ، گرجاکھ ،شمع کالونی ،پیپلز کالونی ،وحدت کالونی اور دیگر علاقوں میں کمپریسر کا استعمال بڑھ گیا ہے ،جس کی وجہ سے دیگر شہریوں کو گیس کی قلت کا سامنا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بل باقاعدگی سے دینے کے باوجود گیس بہت کم ہے جبکہ محکمہ سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے وقتی طور پر یشر کم ہو تا ہے ، جو لوگ کمپریسر کا استعمال کر تے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔اب تک پانچ سو سے زائد ایسے صارفین کے کنکشن منقطع کئے گئے ہیں جو کمپریسر کا استعمال کر رہے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں