کورونا ویکسین سے انکار کا آپشن موجود نہیں:ڈاکٹر خرم

کورونا ویکسین سے انکار کا آپشن موجود نہیں:ڈاکٹر خرم

گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع میں کورونا ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری کے قیام کیلئے حکومت پنجاب سے درخواست کی جائے گی۔

کورونا ویکسی نیشن کے اہداف کے حصول کیلئے بھر پور کاوشیں کی جائیں ، کسی شہری کیلئے ویکسی نیشن سے انکار کا آپشن موجود نہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وبا کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر نعیم اختر جنجوعہ نے بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتا یا کہ کورونا وبا کے آغاز سے اب تک ضلع گجرات میں 1 لاکھ 75 ہزار 512 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہو چکے ہیں ۔

گزشتہ 24گھنٹوں میں 49افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے ، چوبیس گھنٹے میں 516نمونہ جات لیب بھجوائے گئے ہیں، اس وقت عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں ایک مریضہ زیر علاج ہے جسکی حالت بہتر ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال ، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے داخل دروازے پر ویکسی نیشن کاؤنٹر بنا ئے جائیں اور جس مریض یا اسکے لواحقین نے ویکسین نہیں لگوائی انکی فوری ویکسی نیشن کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں