ڈی سی حافظ آ باد کا ہسپتالوں کا دورہ ،سہولیات کا جا ئزہ
پنڈی بھٹیاں ،حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد،آر ایچ سی جلاپور بھٹیاں اور ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں اور زیر تعمیر ٹراما سنٹر کا دورہ کیا۔
مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ،صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں مد ثر ممتاز ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر بھی ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے رات گئے دورہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے موقع پر مختلف وارڈز اور بالخصوص چلڈرن وارڈ میں مریضوں کو ادویات اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر جلاپور بھٹیاں کے عملے کو صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہسپتال پنڈی بھٹیاں کے شعبہ ایمر جنسی،میڈیکل،سرجیکل وارڈز ،آپریشن تھیٹر،لیبارٹری،کورونا ویکسی نیشن سنٹرمیں انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں واش رومز کا بھی جائزہ لیا اور صابن ، ٹشو پیپرز اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے جلاپور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں شہر کا دورہ کیا ،صفائی ستھرائی اورنکاسی آب کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کیخلاف بلا امتیاز آپریشن کیا جائے ،شہری علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کو فوری فنکشنل کیا جائے ۔