پوسٹ گریجوایٹ کالج حافظ آباد میں بی ایس کلاسز شروع

پوسٹ گریجوایٹ کالج حافظ آباد میں بی ایس کلاسز شروع

حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ بوائز کالج حافظ آباد میں بی ایس کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر سید مختار حسین شاہ اور پرنسپل شہباز احمد بھٹی نے کلاسز اور بی ایس لائبریری کا افتتاح کیا ۔پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ کالج برائے خواتین شمائلہ یاسین،پرنسپل گورنمنٹ کالج پنڈی بھٹیاں اسد سلیم شیخ سمیت کالج پروفیسرز اور طلبہ نے بڑی تعداد میں تقریب میں شریک کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شوکت علی بھٹی کا کہنا تھا کہ ہم حافظ آباد کی ترقی کے مشن پر گامزن ہیں اور اﷲتعالیٰ نے ہمیں یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ ہم اہلیان حافظ آباد کی خدمت کر یں ،ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں حافظ آباد میں تعلیم کے شعبہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے کیمپس کے بعد یونیورسٹی آف حافظ آباد کا قیام اور اب زرعی یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائیگا۔ اس موقع پر پرنسپل پرو فیسر شہباز احمد بھٹی کا کہنا تھا کہ کالج میں بی ایس زوالوجی ،انگلش،اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس کی کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ بی ایس کے طلبا کیلئے جدید لائبریری بھی بنائی گئی ہے تاکہ طلبہ اپنی تعلیم کے سلسلہ میں لائبریری سے بھی استفادہ کر سکیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں