پنڈی بھٹیاں:بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ، شہریوں کو مشکلات
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)حالیہ بارشوں سے جہاں فصلوں اور ماحول پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہو ئے ہیں وہاں بارشیں پنڈی بھٹیاں کے شہریوں کیلئے میونسپل کمیٹی کے عملہ کی غفلت کی وجہ سے رحمت کے بجائے زحمت بن گئی ۔
شہر کے نالوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے نکاسی آب کا نظام ٹھپ ہو چکا ہے جس سے بارش اور نالیوں کا گندا پانی سڑکوں بازاروں اور گلیوں میں جمع ہو چکا ہے ،سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر جبکہ گلیوں اور بازاروں سے گزرنا محال ہو گیا ہے ۔ سڑکوں پر خصوصاً دلیکی بائی پاس کے قریب بیرانوالہ روڈ پر محلہ حسن پورہ اور حافظ آباد روڈ پر نلکہ سٹاپ کے قریب پانی جمع ہو نے سے ٹریفک کی روانی میں مشکلات ہیں ۔گلیوں اور بازاروں میں بارش کے
پانی سے پھسلن کے با عث پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے ۔ میونسپل کمیٹی کے عملہ نے بارشیں شروع ہونے سے قبل مین نالوں اور نالیوں کی صفائی نہیں کرائی تھی جس سے نالے اور نالیاں گندگی سے اٹے ہوئے ہیں اور نکاسی آب کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اور اسسٹنٹ کمشنر سے نالوں اور نالیوں کی فوری صفائی کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔