پانی کا نکاس نہ ہو نے پر شہری جلدی امراض کا شکار

 پانی کا نکاس نہ ہو نے پر شہری جلدی امراض کا شکار

تتلے عالی(نامہ نگار )گٹروں کے پانی کا نکاس نہ ہونے پرتتلے عالی میں سینکڑوں افراد جلدی امراض کا شکار ہو گئے ۔

 تتلے عالی کی سیوریج لائنوں ،نالیوں اور سیم نالے کی بندش سے نوشہرہ ورکاں روڈ،فیصل کالونی،محلہ راجپوتاں،مکہ ٹاؤن،چرچ بستی،وقاص ٹاؤن،محلہ اسمعیل ٹاؤن سمیت دیگر نشیبی علاقوں کے رہائشی ایک سال سے گندے پانی سے گزرنے پر مجبور ہیں،رہی سہی کسر حالیہ بارشوں نے پوری کر دی ہے ۔نکاسی آب نہ ہونے اور گندے پانی سے گزرنے پر سینکڑوں کی تعداد میں سکول کے طلبا وطالبات ومکین پھوڑے ،پھنسیوں ،خارش ودیگر جلدی امراض کا شکار ہو گئے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کلینکوں پر علاج معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں میں سے 35فیصد لوگ مختلف اقسام کی جلدی امراض کا شکار پائے گئے ہیں۔اہل علاقہ میاں آصف مہر، رانا شبیر نمبردار، رانا فقیر حسین،رانا علی حسین، سعید رحمانی،ڈاکٹر شاہد اقبال،فیاض سہوترا، نواز کھوکھر،میاں ساجد مہرنے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ اور تحصیل انتظامیہ سے سیم نالہ اورسیوریج لائنوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں