الیکشن کمیشن کی ووٹ اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم

 الیکشن کمیشن کی ووٹ اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) الیکشن کمیشن تعلقات عامہ ونگ نے ملک بھر میں عوام الناس، خصوصی طور پر نوجوانوں اور طالبعلموں کیلئے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔

 اس سلسلے میں گوجرانوالہ میں پریمئیر لاء کالج اور یونیورسٹی کالج گوجرانوالہ میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ووٹر آگاہی پروگرامز میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈائریکٹر میڈیا کوآرڈینیشن قراۃالعین فاطمہ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ محمد ندیم، پبلک ریلیشنز آفیسر ہدیٰ علی گوہر اور ڈپٹی ڈائریکٹر جینڈر افئیرز ما ہم قادر نے طلبہ میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کی اس مہم کا مقصد نوجوانوں کو انتخابی عمل، ووٹر رجسٹریشن اور ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے ۔

انتخابی عمل میں خواتین، خواجہ سراء، معذور افراد اور اقلیتوں کو بھی شامل کرنا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے ۔ بریفنگ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے لئے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی،تقریب کے اختتام پر طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں