مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو روکنا ہوگا :آصف رضا

 مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو روکنا ہوگا :آصف رضا

حافظ آباد(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر آصف رضانے کہا ہے کہ حافظ آباد کو امن کا گہوارہ بنانے ، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ،باہمی رواداری اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے مقامی علما کرام اور امن کمیٹی کے دیگر اراکین کا کردار قابل ستائش ہے ۔

منبر ومحراب سے کی جانے والی بات اور علما کرام کی جانب سے دیا جانے والا درس عوام کے دلوں پر اثر کرتا ہے ،صفائی ہمارا نصف ایمان ہے ،علما کرام دینی مدارس اور جمعۃا لمبارک کے خطبات میں عوام کو صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی درس دیں ،ضلعی انتظامیہ حافظ آباد کو صفائی ستھرائی،خوبصورتی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے ماڈل ضلع بنانا چاہتی ہے ،امن کمیٹی اور علما کرام اس کام کیلئے ہمارے دست و بازو بنیں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گورائیہ، چیئرمین پریس کلب امتیاز احمد تاج ، صدر بار خالدہ شاہد ،علما کرام اور تاجروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور اشتعال انگیزی کرنے والوں کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ہمارے شہر اور ملک میں اسی طرح امن قائم رہے ۔

انکا کہنا تھا کہ تمام دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کے مسائل کو حل کیا جا رہا ہے ، شہر میں پبلک واش رومز کی تعمیر اورپبلک پارکس کی رونقوں کو بحال کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔ علما کرام اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے ڈپٹی کمشنر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں