سمبڑیال:دیر ینہ دشمنی پر فائرنگ ، 5بچوں کا باپ قتل
سمبڑیال،سیالکوٹ(سٹی رپورٹر،نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی اندھا دھند فائرنگ سے گھر کے باہر گلی میں موجود 5بچوں کا باپ جاں بحق ہو گیا ، مقتول مخالفین سے دشمنی کی بناپر ملکھانوالہ گاؤں سے نقل مکانی کرکے محلہ رسول پورہ میں رہائش پذیر تھا ۔
سمبڑیال کے محلہ رسول پورہ کی گلی نمبر 9میں رہائش پذ یر 5 بچوں کا باپ 50سالہ عرفان چیمہ گزشتہ روز گھر کے باہر گلی میں موجود تھا کہ بلا نمبر موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزم نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں عرفان چیمہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مقتول کا بڑ ا بھائی احسان اﷲ چیمہ اوروالد شریف چیمہ بھی دیرینہ دشمنی پر قتل ہوچکے ہیں ، ریسکیو1122کی ٹیم نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ۔