ٹیکس نادہندگان سے ریکوری کا حکم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے ٹیکسوں کی مد میں گوجرانوالہ ڈویژن کے ڈیفالٹر ایکسپورٹرز،صنعتکاروں اورسرکاری اداروں سے کروڑوں روپے کی ریکوری کا حکم دے دیا ۔
جس کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈیفالٹرز کی فہرست تیار کرکے ان سے ٹیکس حکام اور سٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر ڈیفالٹرز سے ریکوری ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے ، انتظامی افسروں کو ایک ماہ کے اندر نادہندگان سے ریکوری کا ٹاسک دیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کو مختلف صوبائی اداروں کی طرف سے موصولہ ریکارڈ کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن سمیت دیگر اضلاع کے سینکڑووں ایکسپورٹرز،صنعتکار اورسرکاری محکمے مختلف صوبائی اداروں کے عرصہ دراز سے ڈیفالٹرز چلے آرہے ہیں جن سے مختلف مدوں میں کروڑوں روپے کی رقم واجب الادا ہے ۔
صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ڈیفالٹرز سے ریکوری کیلئے ہدایات جاری کیں لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوا جس پر ڈیفالٹرز سے ر یکوری یقینی بنانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ کیا گیااوراب ڈپٹی کمشنرز کو ڈیفالٹرز کی لسٹیں بھجواتے ہوئے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع میں ریجنل ٹیکس حکام، سٹیٹ بینک انتظامیہ سے مل کر مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں جس میں ضلعی انتظامیہ، سٹیٹ بینک، ایف بی آر اور ضلعی پولیس کا آفیسر شامل ہوگا جو نادہندگان سے ریکوری کرینگے ۔