حافظ آباد:موٹریں خراب ،گلی محلوں میں پانی جمع ہو گیا

حافظ آباد:موٹریں خراب ،گلی محلوں میں پانی جمع ہو گیا

حافظ آباد(نامہ نگار، نما ئندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں میونسپل کمیٹی کی پانی کھینچنے والے موٹروں کی خرابی سے گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔

جس سے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہوگیا۔ اس وقت میونسپل کمیٹی کی پانی کھینچنے والی کئی موٹر یں خراب پڑی ہیں یا چلائی نہیں جارہی ہیں جس کی وجہ سے علی پورروڈ ،شیر پورہ، ٹیچرز کالونی، بجلی محلہ ، حسن ٹاؤن، مبارک کالونی ودیگر علاقے جوہڑ میں تبدیل ہورہے ہیں ۔ شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے افسران کی غفلت اور لاپرواہی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی کے افسر موٹروں کے بند ہونے کے باوجود ہزاروں روپے تیل کی مد میں نکلواکر ہڑپ کررہے ہیں لیکن شہریوں کی مشکلات کے ازالہ کے لئے کچھ نہیں کیا جارہا۔جس کی وجہ سے شہر بھر کے گلی محلوں میں گنداپانی کھڑا ہونے سے تعفن پھوٹنے لگا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کھینچنے کی تمام موٹریں چالو کرکے شہرکو گندے جوہڑ میں تبدیل ہونے سے بچایاجائے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں