دولت نگر گرڈ سٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی افتتاحی تقریب
گوجرانوالہ ،گلیانہ(نامہ نگار،سٹی رپورٹر)وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا ہے کہ 57کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 132کے وی دولت نگر گرڈ سٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر سے علاقہ میں ترقی و خوشحالی کا نیا باب کھُلے گا۔
خطیر رقم کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والے اس گرڈ سٹیشن سے ناصرف اہل علاقہ کو بہتر وولٹیج کے ساتھ معیاری بجلی میسر ہو گی بلکہ گیپکو کو لائن لاسز میں کمی کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بچت بھی ہو گی۔اِ ن خیالات کا اظہار انہوں نے 132کے وی دولت نگر گرڈ سٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گیپکو کے بجلی کے نظام کو مکمل طور پر اَپ گریڈ کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور اس سلسلہ میں ریجن بھر میں گرڈ سٹیشنوں کی تعمیر و اَپ گریڈیشن کے متعدد منصوبوں پر کام بڑی تیزی سے جاری ہے ۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ132کے وی دولت نگر گرڈ سٹیشن اور فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی کُل لاگت57کروڑ روپے ہے جن میں سے گرڈ سٹیشن کی لاگت تقریباََ 39کروڑ روپے جبکہ فیڈنگ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر پر18کروڑروپے لاگت آئی ہے۔