گیپکو فیلڈ سٹور میں چوری 7 ملازمین پر کرپشن ثابت

گیپکو  فیلڈ سٹور  میں  چوری  7 ملازمین  پر کرپشن  ثابت

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) گیپکو کے فیلڈ سٹور گوجرانوالہ میں کروڑوں کے میٹریل کو چوری اورخورد برد کرنے کے سکینڈل کی انکوائری مکمل ہوگئی۔۔۔

فیلڈ سٹورمنیجر ،سینئر سٹور کیپرز سمیت 7 ملازمین پر کرپشن ثابت ہونے پر انکوائری ٹیم نے ذمہ داروں سے ریکوری کرنے کی سفارشات ارسال کردیں اورسزائوں کے تعین کیلئے انکوائری رپورٹ ڈائریکٹر جنرل ایچ آر گیپکو کو ارسال کردی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ گیپکو کے فیلڈ سٹور میں بوگس ایس آر اور ریکارڈر ٹیمپر کرکے کروڑوں روپے مالیت کے میٹریل کو چوری کرنے کا انکشاف ہوا جس میں مختلف ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز کے دستخطوں والی ایس آر کو ٹیمپر کرکے سامان جاری کروایا گیا اور پرائیویٹ افراد کو فروخت کردیا گیا، جس پر گیپکو اتھارٹی نے تین رکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی اور سٹور افسروں وملازمین کو معطل کردیا ،گزشتہ روز انکوائری ٹیم نے تحقیقات مکمل کرکے سات ملازمین کو ذمہ دار قرار دے کر 73لاکھ روپے کی ریکوری کرنے کی سفارش کی ، معطل ہونے والے فیلڈ سٹورمنیجر وہاب سے 13لاکھ روپے ،سینئر سٹور کیپر احمد باجوہ سے 24 لاکھ،جونیئر سٹور کیپر عثمان افضل سے 12لاکھ ،سینئرسٹورسپروائزر سلمان سے ساڑھے چار لاکھ ،جونیئر سٹور کیپر ضرغام سے 14 لاکھ ، طاہر سے ایک لاکھ اور لائن سپرنٹنڈنٹ مظہر نوید سے 75ہزار روپے کی ریکوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ڈی جی ایچ آر کو کرپشن میں ملوث ملازمین کو سزائیں دینے کا مراسلہ ارسال کردیا گیا۔انکوائری رپورٹ کے مطابق کرپٹ ملازمین نے 24 ایس آرز میں ٹیمپرنگ کرکے قیمتی سامان خورد برد اور چوری کیا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں