نوشہرہ :کورٹ فیس میں اضافہ ،مہنگائی کیخلاف وکلا کی ہڑتال

نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )کورٹ فیس، بجلی کی قیمت اور مہنگائی کے خلاف وکلا کی جانب سے ہڑتال کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے کورٹ فیس ایکٹ میں ترمیم کر کے اس میں اضافہ کر دیا ہے اب 2 روپے کے ٹکٹ کی جگہ 500 روپے کے ٹکٹ کا استعمال کیا جائے گا، اس کے علاوہ آئے روز بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف تحصیل بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا جس سے دور دراز سے آئے سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر صدر بار چودھری ظہیر اکرم گورائیہ، جنرل سیکرٹری بار راؤ سبطین علی خان اور وکلا رہنما کامران اولکھ نے کہا کہ کورٹ فیس میں اضافہ سستے انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مہنگائی نے پہلے ہی عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اس پر بجلی کی قیمت اور ٹیکسز میں ہوشربا اضافہ حکومت کا اقدام عوام دشمنی پر مبنی ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صورت حال کی اصلاح کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔