ود ہولڈنگ ٹیکس، سیمنٹ ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ایف بی آر کی جانب سے سیمنٹ ڈیلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکسوں میں اضافے کیخلاف سیمنٹ ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ،شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ مکمل طور پر ہڑتال کا اعلان بھی کردیا گیا۔
گزشتہ روز گوجرانوالہ سیمنٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایف بی آر کی جانب سے سیمنٹ ڈیلرز ریٹیلرز پر پوائنٹ آف سیل ود ہولڈنگ ٹیکس میں بے پناہ اضافہ کیخلاف چیمبر آف کامرس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت صدر فاروق احمد، زوہیب بٹ،اخلاق احمد،حاجی نذیر کمبوہ،سلمان فاروق نے کی جبکہ احتجاجی مظاہرہ میں ضلع گوجرانوالہ اور ضلع حافظ آباد کے تمام ڈسٹری بیوٹرز نے بھرپور شرکت کی اس موقع پر مظاہرین نے پی او ایس ٹیکسوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور سیمنٹ ڈیلرز ریٹیلرز پر لگائے گئے اضافی ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ مظاہرین نے گوجرانوالہ اور حافظ آباد اضلاع میں سیمنٹ کی مکمل ہڑتال کا بھی اعلان کیا۔گوجرانوالہ سیمنٹ ایسوسی ایشن کیمطابق جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے سیمنٹ نہیں اٹھائیں گے ۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا جتنا زیادہ ٹیکس ہدف بڑھا دیا گیا تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے کاروبار کے مواقع کم کئے جارہے ہیں۔ جتنا زیادہ ٹیکس لگے گا لوگ ٹیکس چوری کی طرف جائیں گے سیمنٹ کی بوری 500 روپے سے 1500تک پہنچ گئی ہے جبکہ 4سے 7 روپے ڈیلر و ریٹیلر کی کمائی ہے اس میں سے 35 روپے نیا ٹیکس کہاں سے دیں۔