احتجاج کی پا داش ،سی ٹی او کا تاجروں کو ملنے سے انکار
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ نے ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کرنے کی پاداش میں انجمن تاجران کلاتھ مارکیٹ بورڈ کے صدر اور عہدیداروں کو ملنے سے انکار کر دیا ۔
دوسری جانب تاجروں نے وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف سے چیف ٹریفک آفیسر عائشہ نسیم بٹ کو تبدیل کرنے اور محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ چند یوم قبل کلاتھ مارکیٹ بورڈ کے سینکڑوں تاجروں نے ٹریفک پولیس کی غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کے خلاف جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس پر ٹریفک پولیس کے ترجمان نے تاجروں کو درپیش تمام مسائل چیف ٹریفک آفیسر سے ملاقات کے دوران حل کرانے کی یقین دہانی کروائی تھی ۔ ،گزشتہ روز کلاتھ بورڈ مارکیٹ کے صدر اور عہدیداروں نے ملاقات کا ٹائم لیا اور بعد ازاں دفتر بلاکر چیف ٹریفک آفیسر عائشہ نسیم بٹ نے مصروفیت کا بہانہ بنا کر ملاقات سے انکار کر دیا ۔ تاجروں نے ردعمل میں کہا کہ ٹریفک پولیس کو گوجرانوالہ کے تاجر کسی قسم کا بھتہ ادا کرینگے اور نہ ہی غنڈہ گردی کرنے دینگے ۔