محکموں میں کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائیگا :بابر علائوالدین
وزیرآباد(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ضلع وزیرآباد کی خوبصورتی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور ترقیاتی کاموں کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو کام کی نگرانی کرینگی۔۔۔
ہماری کوشش ہے کہ تمام محلوں میں کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے ،پولیس،ریو نیو،ڈسٹرکٹ ہسپتال اور میونسپل کمیٹی میں چھپی کالی بھیڑوں کا محاسبہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف سی ایم کمپلینٹ سیل،سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ،سی ایم انسپیکشن ٹیم اور سی ایم سپیشل مانیٹرنگ یونٹ بریگیڈئیر (ر)بابر علاؤ الدین نے اے سی آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی جی بشیر احمد بٹ،اے ڈی سی آر مطاہر حسین وٹو،ایم پی اے وقار احمد چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ،تحصیلدار ہمایوں خالد وڑائچ،سابق چیئرمین بلدیہ بابو شعیب ادریس،چیف آفیسر بلدیہ عمیر دلدار،ایم او آئی وقار احمد،کرنل (ر) وقار انور شیخ،مظفر جاوید بھٹی،شیخ مرسلین،میاں عمران یعقوب ودیگر بھی موجودتھے ۔انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک اور ملازمین کے رویہ کے خلاف شکایتوں کے انبار ہیں انہیں چاہئے کہ قبلہ درست کرلیں یا گھر چلے جائیں، پولیس کی کارکردگی بھی ٹھیک کرنا ہوگی ۔