بنیادی مرکز صحت سید نگر کا واحد راستہ دلدل میں تبدیل

بنیادی مرکز صحت سید نگر کا واحد راستہ دلدل میں تبدیل

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)نواحی موضع سید نگر میں بنیادی مرکز صحت کوجانے والا راستہ دلدل میں تبدیل ،تشویشناک حالت میں مریضوں کو پہنچانامشکل ہوگیا۔

 سید نگر کا بنیادی مرکز صحت گا ئو ں سے کچھ فاصلہ پر واقع ہے جس کا واحد کچا راستہ بارشی پانی کے باعث دلدل اور کیچڑ میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ہیلتھ سنٹر میں لیڈی ڈاکٹر کی قیادت میں ایک ڈسپنسر سمیت 10ملازمین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ حالیہ برسات کے دنوں میں گزرگاہ تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے جس پر کار، موٹر سائیکل تو درکنار پیدل چلنا بھی دشوار ہوچکا ہے ۔ ایمرجنسی میں مریض کو ہسپتال منتقل کرنے کیلئے چارپائی کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔ اہل دیہہ کا کہنا ہے کہ حالیہ جنرل الیکشن سے قبل گا ئو ں میں گلیاں بازار پختہ کئے گئے ہیں جبکہ ہیلتھ سنٹر کے کچے راستے کی پختہ تعمیر کیلئے متعدد مرتبہ متعلقہ محکموں اور سیاسی شخصیات سے درخواست کی گئی لیکن کو ئی شنوائی نہ ہو سکی۔علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ خصوصی گرانٹ سے بنیادی مرکز صحت سید نگر کی گزر گاہ کو پختہ کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں